اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آج کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم کیے جانے کے دن کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ 1949 میں آج کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان، بھارت نے قرارداد منظور کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا تھا۔ اس دن کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں صدرعارف علوی نے کہا کہ بھارتی قبضے کے 76 سال کشمیریوں پر جبر کی افسوسناک داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو 75 سال قبل کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کا احترام کرنا چاہیے۔ حریت رہنماعبدالحمید لون کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد میں تھا کہ ریاست کے الحاق کا فیصلہ عوام کی منشا کے مطابق کرایا جائے، بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج تک اس قرارداد پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔