جموں(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی قابض انتظامیہ نے مقامی لوگوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے جموں خطے کے ضلع سانبہ میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے ضلع میں رات 10بجے سے صبح 6بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق کسی بھی شخص کو سانبہ میں کنٹرول لائن کے ساتھ ایک کلومیٹر کے علاقے یا ضلع کے سرحدی علاقے میں جانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔یہ ہدایت ضلعی سطح کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری کی گئی ۔اجلاس میں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حکام نے روزانہ رات 10بجے سے صبح 6بجے تک کرفیو نافذ کرنے کی تجویز پیش کی۔یہ حکم فوری طور پر60دن کیلئے نافذ العمل ہو گا۔
ادھر سانبہ کی ضلعی انتظامیہ نے ضلع کی حدود میں واقع جائیدادوں اور کاروباری اداروں کے مالکان کو انکے پاس مقیم یا کام کرنے والے غیر مقامی افراد کی تفصیلات پولیس کی طرف سے جانچ پڑتال کے بعد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ابھیشیک شرمانے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ املاک ، جائیدادوں اور کاروباری اداروں کے تمام مالکان اپنی املاک کرائے پر دینے یا کوئی غیر مقامی شخص کام پر رکھنے کے دس دن کے اندر متعلقہ تھانے میں متعلقہ غیر مقامی شخص کی تفصیلات جمع کرانے کے پابند ہیں اور جنہوں نے پہلے ہی اپنے گھر کرائے پر دے رکھے ہیں یا کوئی ملازم کام پررکھا ہے تو وہ فوری طورپر انکی تفصیلات پولیس اسٹیشن میں جمع کرائیں۔حکمنامے میں سانبہ کے ہر ایس ایچ او سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ صنعتوں، تعمیراتی کمپنیوں اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے غیر مقامی لوگوں کی تصدیق کریں۔