نئی دلی(نیوز ڈیسک ) بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جمعرات کو جموںوکشمیر نیشنل کانفرنس کے رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹرفاروق عبداللہ کو مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کیلئے طلب کیا تھا۔تاہم وہ ای ڈی کے دفتر میں پیش نہیں ہوئے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے فاروق عبداللہ کو جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں تفتیش کیلئے گزشتہ روز بدھ کو کو طلب کیا تھااورانہیں آج جمعرات کو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی ۔تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 2022 میں اس معاملے میں لوک سبھا کے رکن 86سالہ فاروق عبداللہ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔فاروق عبداللہ کے خلاف یہ کیس کرکٹ ایسوسی ایشن کے بنک اکائونٹس سے مبینہ طورپر نقد رقم نکالنے سے متعلق ہے۔ یہ رقم مبینہ طور پر جے کے سی اے کے عہدیداروں سمیت غیر منسلک جماعتوں کے مختلف ذاتی بینک اکائونٹس میں منتقل کی گئی تھی۔