سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں26جنوری کو بھارت کے یو م جمہوریہ کو ”یوم سیاہ“کے طور پر منائے جانے کے بارے میں مزید پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت تنظیموں کی طرف سے مقبوضہ وادی کے مختلف مقامات پر چسپاں کے گئے پوسٹروں میں کہا گیاہے کہ”کشمیری بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر عالمی برادری کو ایک مرتبہ پھر یہ باور کرانا چاہتے کہ وہ غیر قانونی بھارتی قصبے کو مسترد کرتے ہیں اور حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے“۔ پوسٹروں میں لکھا ہے کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہرگز نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیریوں کا حق خود ارادیت طاقت کے بل پر سلب کر رکھا ہے۔پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں پر زور دیا گیا کہ وہ 26جنوری کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں اور اس روز مکمل ہڑتال کریں۔
پوسٹروں میں مزید کہا گیا ہے کہ تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر خطے میں امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے لہٰذا اقوام متحدہ اس تنازعے کے پرامن حل کے لیے اقدامات کرے۔پوسٹروں کے ذریعے لوگوں پر زوردیا گیا کہ وہ گاو¿ کدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ قتل عام کے شہداءکو بھر پورخراج عقیدت پیش کریں۔پوسٹر دیواروں ، کھمبوں ، ستونوںپر چسپاں کیے گئے ہیں جبکہ یہ سماجی رابطوںکی سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔