ڈیرہ اسماعیل خان ( نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ ڈیرہ اسماعیل خان میں آئل اینڈ گیس کمپنی کی سکیورٹی گاڑی پر حملے میں 3 ایف سی اہل کار زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے آئل اینڈ گیس کمپنی کی حفاظتی گاڑی پر حملہ درازندہ کے علاقے میں کیا جہاں گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے حملہ کیا گیا جس میں 3 ایف سی اہل کار زخمی ہوگئے، جس کے بعد نامعلوم مسلح افراد اور حفاظتی اسکواڈ کے مابین فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا جب کہ فائرنگ کے باعث زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
چند روز قبل کوہاٹ میں دہشت گردوں کے کوہاٹ ٹول پلازہ اور چیک پوسٹ پرحملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید ہوگئے تھے، کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر رات گئے لاچی ٹول پلازہ اور چیک پوسٹ پر دس سے زائد دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہوئے، دہشتگرد حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں میں لائس ہیڈ کانسٹیبل امجد، لائس ہیڈ کانسٹیبل جنید اور کانسٹیبل وقار شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حملے میں لکی مروت کا رہائشی ایک عام شہری نور محمد بھی شہید ہو گیا، واقعے کی اطلاع پر پولیس اور فوج کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کرحملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ واضح رہے کہ ملک میں دہشتگردی کی لہر ایک بار پھر سر اٹھانے لگی ہے اور حالیہ چند دنوں میں دہشتگردی کے واقعات دوبارہ سے شروع ہوگئے ہیں، خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے پارا چنار میں بھی نامعلوم افراد نے مسافر گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس سے خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 3افراد شدیدزخمی ہوگئے تھے۔