سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی بے حسی کے باعث کشمیری گزشتہ 76 برس سے بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں محمد یوسف نقاش، محمد سلیم زرگر، فریدہ بہن جی، محمد یاسین عطائی، عبدالصمد انقلابی، جاوید احمد میر، فاروق احمد، مولانا مصعب ندوی، محمد عاقب اور اسرار احمد نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کشمیری 1947ءسے بھارت کے وحشیانہ قبضے کا شکار ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی فوجیوں کو کالے قوانین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے اور وہ کشمیریوں کوخوفزدہ کرنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض فوجیوں نے گزشتہ 34 برس میں ہزاروں کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیا ہے۔
حریت رہنماؤں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی وحشیانہ کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے نریندر مودی بھارت کے وزیراعظم بنے ہیں، کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم میں تیزی آئی ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی جنگی جرائم عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہیں،بھارتی فوجیوں کے خلاف بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر مودی حکومت کا محاسبہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو اپنا دوغلا پن ترک کر کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنا چاہیے۔