سرینگر(نیوز ڈیسک )مودی حکومت نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ سے قبل بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں ۔ سرینگر کے بخشی سٹیڈیم او رجموں کے مولاناآزاد سٹیڈیم کو پوری طرح سے فوجی چھاؤنی میںتبدیل کر دیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ علاقے کی انتظامیہ نے سرینگر اور جموں میں ہونے والی یوم جمہوریہ کی نام نہاد تقریبات کی حتمی شکل دیدی ہے۔مقبوضہ جموںوکشمیر کے سرمائی دارلحکومت جموں میںمرکزی تقریب مولانا آزاد سٹیڈیم میںہو گی جبکہ سرینگر جو مقبوضہ علاقے کا گرمائی دارلحکومت ہے میں یوم جمہوریہ کی نام نہاد تقریب بخشی سٹیڈیم میں ہو گی۔ دونوں سٹیڈیموں کے ارد گردسخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سٹیڈیموں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی ہے او ر اس سلسلے میں سراغرساں کتوں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔ سرینگر اور جموں میں جگہ جگہ ناکے لگائے گئے ہیں جہاں گاڑیو ں مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جارہی ہے ۔ یوم جمہوریہ کی نام نہاد تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مقبوضہ جموںوکشمیر کے خطے لداح کے دونوں اضلاع لیہہ او کرگل میں بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ کشمیری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر بھارت کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کو بھی یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ وہ غیر قانونی بھارتی قبضے کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے