اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاک فوج اور اعلی ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کرنے والے ساڑھے پانچ سو کے قریب اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔
ہم نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اب تک اداروں کے خلاف مواد شیئر کرنے اور ہرزہ سرائی کرنے والے ساڑھے پانچ سو اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی ہے جس کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ان اکاؤنٹس کا فرانزک آڈٹ شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آڈٹ کے بعد اداروں کے خلاف مہم جوئی میں ملوث افراد کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کی روشنی میں کارروائی کی سفارش کی جائے گی، نشاندہی کیے جانے والے اکاؤنٹس کو نوٹسز جاری کیے جارہے ہیں، اکاؤنٹس چلانے والوں کا موقف جاننے کے بعد کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے اکاؤنٹس سےپاک فوج اور ججز کے خلاف تقریبا دس لاکھ کے قریب پوسٹ کی گئیں، 290 ٹویٹر اکاؤنٹس ایسے ہیں جن میں نامورسیاستدان، صحافی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، جبکہ فیس بک کے 1 سو چالیس، ٹک ٹاک کے170 اور انسٹاگرام اکاؤنٹس شامل ہیں۔
عدلیہ وفوج مخالف مہم میں گیارہ مشہور ٹاک ٹاکرز، دو ماڈلز، 20 کے قریب مشہور یوٹیوبرز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، زیادہ تر یوٹیوبرز ایسے ہیں جو بیرون ملک سے مواد شیئر کررہے ہیں،عدلیہ وفوج مخالف مہم میں تقریبا 60 فیصد مواد بیرون ملک بیٹھے صارفین پھیلا رہے ہیں۔