جموں(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس پارٹی نے ٹول ٹیکس کو دوگنا کرنے کے حالیہ فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا ایک اور ظالمانہ اقدام قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے سینئر نائب صدر اور مرکزی ترجمان رویندر شرما نے جموں میں ایک بیان میں ٹول ٹیکس میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جموں خطے کے لوگوں کے ساتھ بھونڈا مذاق قرار دیا۔ انہوں نے ٹول پلازوں کے خلاف ہڑتال اور سرور اور دیگر ٹول کو ہٹانے کے مطالبے کو اجاگرکیا۔کانگریس نے کہاکہ بی جے پی سمارٹ میٹر، بجلی بحران، پراپرٹی ٹیکس اور ٹیکس میں اضافے سمیت مختلف مسائل پر جموں میں لوگوں کے جذبات اور تکالیف سے لاتعلقی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔لکھن پور اور بن کے ٹول پلازوں کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مقررہ مدت سے تجاوز کر چکے ہیں۔کانگریس لیڈر نے جموں و کشمیر میں بی جے پی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ بات کریں اور دہلی سے غیر قانونی اور غیر معقول ٹیکسوں کو واپس لینے کا مطالبہ کریں۔