ہفتہ‬‮   30   ‬‮نومبر‬‮   2024
 
 

عام انتخابات 2024: ملک بھر میں پولنگ جاری، موبائل سروس عارضی طور پر بند

       
مناظر: 962 | 8 Feb 2024  

 

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) عام انتخابات 2024 کیلئے میدان سج گیا، ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور بارہویں انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی پولنگ سٹیشنز کے باہر قطاریں لگ گئیں۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہوگا۔
پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں، امن و امان کیلئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔
قومی اسمبلی کی 265 اور صوبائی اسمبلیوں کی 591 نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں، قومی اسمبلی کے امیدواروں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 254 ہے، پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141، صوبائی اسمبلی کی 296 نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں۔
سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی کی 130 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے، خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 44 اور صوبائی کی 113 نشستوں پر امیدواروں میں مقابلہ ہے، بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔
عام انتخابات کیلئے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، مردوں کیلئے 25 ہزار 320، خواتین کیلئے 23 ہزار 952 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جبکہ مشترکہ پولنگ سٹیشنز کی تعداد 41 ہزار 403 ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں مجموعی طور پر 50 ہزار 944 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، سندھ میں 19 ہزار 6 پولنگ سٹیشنز قائم ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں 15 ہزار 697 اور بلوچستان میں 5 ہزار 28 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 16 ہزار 766 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس جبکہ 29 ہزار 985 کو حساس قرار دیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر پاک فوج تعینات کی گئی ہے۔
پولنگ سٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے پریزائیڈنگ افسران کو بھی مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔
عام انتخابات کے موقع پر پورے ملک میں سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار عام انتخابات میں ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے، سکیورٹی کیلئے پولیس پہلے درجے پر، پیرا ملٹری فورسز دوسرے درجے، آخری اور تیسرے درجے میں پاک فوج بطور کوئیک رسپانس فورس تعینات ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان کی پولنگ سٹیشن تک ترسیل، گنتی اور اس کی ریٹرننگ افسران کے دفاتر تک واپسی کیلئے سکیورٹی کی ذمہ داری افواج پاکستان کی ہوگی۔
عام انتخابات 2024 کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس جزوی طور پر بند کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے مختلف علاقوں میں جزوی سروس معطل ہے، موبائل سروس متاثر ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اس کے علاوہ ملتان میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، فیصل آباد، بہاولپور، ایبٹ آباد میں موبائل سروس متاثر ہو رہی ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موبائل سروس کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن وامان کی صورتحال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی بندش نہیں ہوگی۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانیت دشمنی کی تفصیل
From Jan 1989 till 29 Feb 2024
Total Killings 96,290
Custodial killings 7,327
Civilian arrested 169,429
Structures Arsoned/Destroyed 110,510
Women Widowed 22,973
Children Orphaned 1,07,955
Women gang-raped / Molested 11,263

Feb 2024
Total Killings 0
Custodial killings 0
Civilian arrested 317
Structures Arsoned/Destroyed 0
Women Widowed 0
Children Orphaned 0
Women gang-raped / Molested 0