اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) بھارت میں ہندوتوا جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو اپنے سیاسی فائدے کے لیے تختہ دار پر چڑھانے پر تلی ہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت یاسین ملک کو پھانسی دینے کے درپے ہے اور وہ اس حوالے سے تیاریوں میں لگی ہوئی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی رواں برس ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لیے کشمیری رہنما کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیاکہ نریندر مودی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، مودی کی نسل پرست حکومت ہر اس کشمیری کو قتل کرنا چاہتی ہے جو کشمیر پر بھارتی بیانیہ کو قبول کرنے سے انکار کرتا ہے ۔
کے ایم ایس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت اختلاف رائے رکھنے والے کشمیری حریت رہنماو¿ں کی آواز کو خاموش کرنے کے لیے عدلیہ کا استعمال کر رہی ہے۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا جب کشمیریوں کو سزا سنانے کی بات آتی ہے تو بھارتی عدلیہ قانون و انصاف کے تمام اصولوں کو نظرانداز کرتی ہے، آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت نے حریت قیادت کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا ہے تاکہ ان کی آواز دبائی جاسکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں نظر بندوں کے حقوق سے متعلق جنیوا کنونشن کی ڈھٹائی سے خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کے عالمی اداروں کو یاسین ملک اورغیر قانونی طور پر نظر بند دیگرکشمیری حریت رہنماو¿ں کی حالت زار کا نوٹس لینا چاہیے اور فسطائی مودی حکوت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے باز رکھنا چاہیے۔
محمد یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں مارچ 2019 میںگرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ انہیں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک خصوصی عدالت نے 25 مئی 2022 کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ این آئی اے نے یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے لیے 26 مئی 2023 کو دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت اس معاملے کی بدھ (14 فروری) کو سماعت کرے گی۔خیال کیا جا رہا ہے کہ مودی عام انتخابات جیتنے کے لیے یاسین ملک کو اپنی کٹھ پتلی عدلیہ کے ذریعے جھوٹے مقدمے میں سزائے موت دلوانا چاہتی ہے۔