سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی” ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی“ (ڈی ایف پی )نے کہا ہے کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ جیل کی مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ شبیر احمد شاہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود بڑی بہادری سے جیل کی سختیاں برداشت کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے شبیر شاہ کو کشمیریوں کی سیاسی امنگوں کی نمائندگی کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر غیر قانونی طور پر نظر بند کر رکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت قیادت کوغیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے کی پاداش میں بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شبیر شاہ بے انتہا مشکلات اور تکالیف کے باوجود جموںوکشمیر کے بارے میں اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ اپنے اس اصولی موقف میں کوئی لچک دکھانے کے لیے ہرگز تیار نہیں ہیں۔
ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی قراردادوں مطابق حل کرائے تاکہ کشمیریوں کو بھارتی چیرہ دستیوں سے چھٹکارہ مل سکے۔