سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارتی حکومت لوک سبھا انتخابات کی سکیورٹی کے نام پر غیر قانونی طورپرزیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیراملٹری فورسز کی مزید 635کمپنیاں تعینات کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مجموعی طورپر 3400کمپنیوں میں سے جوتمام 36بھارتی ریاستوں میں تعینات ہیں ،50فیصد سے زیادہ کمپنیاں مغربی بنگال، چھتیس گڑھ اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں تعینات کی گئی ہیں جس سے مودی حکومت کے ”سب اچھا ہے”کے دعوے کی نفی ہوتی ہے۔ بھارتی سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 920کمپنیاں مغربی بنگال اور 360کمپنیاںچھتیس گڑھ میں تعینات کی جائیں گی جو بھارت کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تعیناتیوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں مزید 635کمپنیاں تعینات کی جائیں گی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 36کمپنیاں ووٹوں اور گنتی سنٹرز کی حفاظت کے لیے رکھی جائیں گی۔لاء اینڈ آرڈرکے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل وجے کمار ریاستی پولیس کے نوڈل آفیسر ہوں گے اور چیف الیکٹورل آفیسر پانڈورنگ پول فورسز کی نقل و حرکت اور علاقے میں ان کی تعیناتی کی نگرانی کریں گے۔