سرینگر(نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں دارالخیر میرواعظ منزل سرینگرنے بٹہ مالو سرینگر میں آتشزدگی کے ایک بھیانک واقعے میں چاررہائشی مکانات کے خاکسترہونے اور کروڑوں روپے مالیت کے سامان کی تباہی پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دارلخیر میر واعظ منزل نے تنظیم کے سرپرست میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے آتشزدگی کے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ بیان میں متاثرین کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دارالخیر میرواعظ منزل کے ایک وفد نے مفتی غلام رسول سامون کی قیادت میں بٹہ مالو سرینگر جاکر متاثرہ خاندانوں میں چاول، آٹا،کمبل اور دیگر سامان تقسیم کیا۔ تنظیم نے اہل ثروت حضرات سے اپیل کی کہ وہ فلاحی ادارے کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون اور معاونت جاری رکھیں تاکہ امدادی کام جاری و ساری رکھا جاسکے۔۔