اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) امریکا میں قائم تحقیقی گروپ انڈیا ہیٹ لیب کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں مسلم مخالف نفرت انگیز واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارت میں 2023 کی دوسری ششماہی کے دوران پہلے 6ماہ کے مقابلے میں مسلمان مخالف نفرت انگیز واقعات میں 63فی صد اضافہ ہواہے۔انڈیا ہیٹ لیب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے75فیصد واقعات ان ریاستوںمیں پیش آئے ہیں جہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتیںقائم ہیں جن میں مہارا شٹرا، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سرفہرست ہیں۔رپورٹ میں مزیدکہا گیا ہے کہ بھارت میںگزشتہ سال کے دوران مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کے 668واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ بھارت میں 2014 میں نریندر مودی کے برسراقتدار آنے کے بعد سے مسلمانوں کیلئے مشکلات اور انکے ساتھ امتیازی سلوک میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔