چندی گڑھ(نیوز ڈیسک ) بھارتی شہر چندی گڑھ کے ایک تعلیمی ادارے میں ہندو انتہا پسند طلبا ءنے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے طلبا ءکو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ چندی گڑھ کے شاہ پور میں واقع سی ٹی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ میں پیش آیا۔ کشمیری طلباءپر حملے کے بعد کیمپس میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
کالج میں زیر تعلیم کشمیری طلباءنے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ میں کچھ غیر مقامی ہندوطلباءنے ایک کشمیر ی طالبہ کے ساتھ بدتمیزی کی اور اسے سخت ہرساں کیا۔کشمیری طلباءنے کہا کہ جب انہوں نے ہندو طلباءکی اس مذموم حرکت پر احتجاج کیا توانہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔کشمیری طلباءنے مزید کہا کہ کالج انتظامیہ نے کشمیری طالبہ کو ہراساں کرنے والے ہندو طلباءکے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی ہے اور کالج میں شدید کشیدگی پائی جارہی ہے۔