رانچی(نیوز ڈیسک ) بھارت کی شورش زدہ ریاست جھارکھنڈمیںگزشتہ ماہ لاپتہ ہونے والے 44سالہ کسان کی لاش ایک کھیت سے برآمد ہوئی جس کے خلاف اس کے رشتہ داروں اور مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 29فروری کو لاپتہ ہونے والے کسان منگل اورم کو قتل کیا گیاہے جس کی لاش ریاست کے علاقے رورکیلا میں ایک کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔مقامی لوگوں نے منگل اورم کے اہل خانہ اور رشتہ داروں کے ساتھ مل کر احتجاج کیا اورکسان کے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے جھرپانی تھانے کا گھیرا ئوکیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ منگل اپنی فصلیں بیچنے کے لیے مختلف ہفتہ بازاروں میں جایا کرتا تھا اور دوسرے کسانوں کو بھی اپنی پک اپ وین میں لے جایا کرتا تھا۔ وہ 29فروری کو کچھ کسانوں کے ساتھ اپنی وین میں جھرپانی ہفتہ بازار گیا تھا۔ کسانوں کو منڈی میں اتارنے کے بعد منگل اپنی وین کے ساتھ غائب ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں شبہ ہے کہ منگل کو اغوا کر کے قتل کر دیا گیاہے۔