ٹورنٹو (نیوز ڈیسک) کینیڈا میں ایک اپوزیشن پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذہبی اقلیتوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور انسانی حقوق کے ریکارڈ پر ہندوستان میں جی 20 کی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کرے۔ واضح رہے کہ بائیکاٹ کی کال اس وقت آئی جب ہندوستان نے جمعرات کو باضابطہ طور پرواسودھیوا کٹمبکم کے خیال کے تحت جی 20 کی صدارت سنبھالی۔
ایک بیان میں، نیو ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے اراکین پارلیمنٹ ہیتھر میک فیرسن اور بلیک ڈیسجرلیس نے حکمران لبرل حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستان میں جی 20 کی سرگرمیوں کے سفارتی بائیکاٹ میں شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ وہ بھارت میں شہری آزادیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس پر فکر مند ہیں۔ حکومت ہند اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی ہے۔
ہندوستان کی موجودہ حکومت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے، این ڈی پی نے کہا کہ کینیڈا کو کشمیر میں جی 20 کی کسی بھی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کو مسترد کر دینا چاہیے اور جب تک انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جی 20 میں شرکت سے انکار کر دینا چاہیے۔سکھ رہنما جگمیت سنگھ کی سربراہی میں پارٹی نے کینیڈین حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے لیے موقف اختیار کرے اور ہندوستان کے تمام لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے، جنہیں آزادانہ طور پر اور ظلم کے بغیر زندگی گزارنے کا حق ہے۔