جمعہ‬‮   12   ستمبر‬‮   2025
 
 

وزیراعظم کی بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے آئی ایم ایف سے رابطے کی ہدایت

       
مناظر: 653 | 12 Sep 2025  

وزیراعظم نے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلئے وزارت خزانہ کو آئی ایم ایف سے رابطے کی ہدایت کر دی۔

نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ایک ماہ کا استثنیٰ دینے پر غور شروع کر دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ سے کہا ہے کہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ ممکنہ ریلیف پر بات چیت کرے۔

ذرائع کے مطابق شہر ہوں یا دیہات، ریلیف پورے پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں دیا جائے گا۔اس کے علاوہ حکومت نے اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے لیے نیا لائحہ عمل اور پالیسی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے کا سیلاب متاثر ہ علاقوں میں امدای آپریشن جاری ہے، این ڈی ایم اے کاکہنا ہے کہ پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے ویئرہاؤس سے امدادی سامان پنجاب روانہ کیا گیا، یہ امدادی سامان پی ڈی ایم اے پنجاب کے حوالے کیا جائے گا، اب تک پنجاب کو فراہم کئے گئے تقریباً 2 ہزار ٹن امدادی سامان میں کمبل، خیمے، مچھر دانیاں، پانی کے فلٹریشن پلانٹ، رضائیاں، فولڈنگ بیڈ، پانی کے کین سمیت 17کشتیاں شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے۔