سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی راستہ سرینگر جموں ہائی وے جمعہ کو تازہ برفباری اور بارش کی وجہ سے بند ہوگئی اور سرینگر ائیر پورٹ سے پروازوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہوئی ہے ۔
جمعہ کی صبح وادی کشمیر کے بیشتر حصوں میں اورمیدانی علاقوں میں برفباری اوربارش کاسلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔گلمرگ کے مشہور سکی ریزورٹ، پہلگام اور سونہ مرگ کے سیاحتی مقامات اور کئی دیگر مقامات کے علاوہ سرینگر کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔ٹریفک حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رام بن ضلع کے علاقے مہر میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑک پر پھسلن کی وجہ سے ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔خراب موسم کی وجہ سے سرینگر ائیر پورٹ پر بھی پروازوں کی آمد ورفت متاثرہوئی ہے۔
مقبوضہ کشمیر:بارش اور برفباری کی وجہ سے سرینگر جموں ہائی وے بلاک ، پروازوں کی آمد ورفت متاثر
مناظر: 413 | 14 Jan 2023