\
منگل‬‮   11   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

کوئٹہ: بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کا خودکش حملہ، 10 افراد جاں بحق، 6 دہشتگرد بھی مارے گئے

       
مناظر: 568 | 30 Sep 2025  

کوئٹہ میں حالی روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹرز کے قریب بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا، خودکش دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے، واقعے میں خودکش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت میں واقع حالی روڈ پر واقع ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر سفید سوزوکی وین کے ذریعے خودکش حملہ کیا گیا۔

خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے، جنہیں سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جہاں 5 زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے، تمام دہشت گرد مارے گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب پیش آیا، دھماکے کے بعد شدید فائرنگ بھی کی گئی۔

دھماکے کے بعد سامنے آنے والی فوٹیجز میں طویل فاصلے سے دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم دہشت گردوں کو واصل جہنم کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں بھارتی پراکسی کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی اور حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور شہریوں کے لیے جلد از جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معصوم، نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے، پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دیں گے، حکومت، سیکیورٹی فورسز اور قوم دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے، عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کوئٹہ میں فتنۃ الہندوستان کے6حملہ آوروں کوجہنم واصل کرنے پر ایف سی جوانوں کی ستائش کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کے بہادر سپوتوں نے خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا، ایف سی کے جوانوں نے جرات کے ساتھ فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ
ایف سی کے بہادر جوانوں پر ناز ہے، محسن نقوی نے 2 زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔