کوالالمپور: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری تنازعات کو بخوبی حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم فی الحال انہیں اس میں مداخلت کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری آسیان سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ “میں نے سنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوبارہ مسائل پیدا ہو رہے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں اس مسئلے کے حل کے لیے کچھ کر سکتا ہوں۔”
امریکی صدر نے مزید کہا کہ “میں دونوں ممالک کو جانتا ہوں، اور یقین ہے کہ ہم پاک افغان مسئلہ جلد اور اچھے طریقے سے حل کر لیں گے۔”
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ آٹھ ماہ میں آٹھ مختلف جنگیں رکوا چکے ہیں، اور اب ایک آخری تنازع ختم کرنا باقی ہے۔
ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم اور عسکری قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “دونوں بہترین لوگ ہیں، مجھے ان پر مکمل اعتماد ہے۔”
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ “مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم پاک افغان مسئلے کا پائیدار حل نکال سکتے ہیں، لیکن فی الحال مجھے اس کے لیے کوئی فوری قدم اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔”
