سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر پر بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی نے جنوبی ایشیامیں بالخصوص اور دنیا میں بالعموم امن کو دا ئوپر لگا دیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میںپائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی امن کا انحصارکشمیری عوام کی مرضی کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل پر ہے۔ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی خواہشات اور امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل تلاش کریں۔ حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کی جبر کی پالیسی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ناکام ہوکررہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ترجمان نے کہاکہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر بھارت کو مجبورکرے جس کا وعدہ اس نے اقوام متحدہ کے سامنے کررکھاہے۔
دریں اثنا ء کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما جہانگیر غنی بٹ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ حریت جموں و کشمیر کے عوام کے جذبات کی نمائندگی کرتی ہے اور عوام کی حقیقی سیاسی آواز ہے اور اس کے دفتر کو ضبط کرنے سے مودی حکومت کی فسطائی ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔
تنازعہ کشمیر پر بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال دائو پر
مناظر: 808 | 2 Feb 2023