سرینگر(نیوز ڈیسک) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںنیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ گھروں کی مسماری کی جاری مہم سے خطے میں غریب اور حقدار زمینداروں کی مایوسی مزید گہری ہو رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گھروں اور دیگر عمارات کو مسمار کرنے کی جبری کارروائیوں کے نئے پریشان کن رجحان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے علی محمد ساگر، مبارک گل، شمیمہ فردوس، عرفان شاہ، تنویر صادق، احسان پردیسی، مشتاق گورو اور سلمان علی ساگر سمیت پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اس اقدام نے تاجروں، خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں، سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ افرادکو درپیش مشکلات میں مزیداضافہ کردیا ہے۔ این سی رہنمائوں نے کہا کہ بلڈوزر کی جاری مہم نے انسانی بحران پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گھروں، کاروباری اداروں اور دکانوں کو مسمار کرنے کا تشویشناک رجحان تمام مسلمہ اصولوں اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلڈوزرمہم سرکاری ایجنسیوں نے پیشہ ورانہ طور پرتجاوزات کو ہٹانے اور سرکاری زمینوں سے غیر قانونی قبضے کو چھڑانے کے لیے شروع کی تھی۔ تاہم حکام نے اس استدلال کومخصوص بستیوں کو نشانہ بنانے اور مسمار کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔