سرینگر(نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر کی شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے واقع درگاہ حضرت بل میں آج ہزاروں کشمیری مسلمانوں نے نماز جمعہ ادا کی۔ یہ شب معراج کے بعد پہلا جمعہ تھا اور مقبوضہ وادی کے دور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے درگاہ پہنچے۔
لوگوں کو اس موقع پر آنحضور ﷺ کے موئے مقدس کے دیدار بھی کرائے گئے۔ عقیدت مندوںنے پرنم آنکھوں سے موئے شریف کی زیارت کی اور گڑگڑھاتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کشمیر اور کشمیریوں کیلئے دعائیں مانگیں۔عقیدت مندوں کے آسانی کیلئے درگاہ حضرت بل پر جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔
اسی طرح کے اجتماعات وادی کشمیر کے دیگر مقامات پر بھی دیکھے گئے اور عائمہ کرائم ، مبلغین اور علمائے کرام نے آنحضور ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔