جمعرات‬‮   21   ‬‮نومبر‬‮   2024
 
 

قابض بھارت اور اس کی فورسزانسانی حقوق کی سنگین پامالیوں میں مصروف

       
مناظر: 750 | 10 Dec 2022  

غلام اللہ کیانی

آج 10دسمبر ہے۔آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اعلامیہ کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کایونیورسل ڈیکلریشن10دسمبر 1948ء میں جاری کیا ۔ جس میں مساوات، انصاف اور انسانی عظمت کے لئے کھڑے ہونے کا اعلان کیا گیا ۔75سال گزرنے کے بعد بھی دنیا بھر میں قابض، طاقت ور ارباب اختیار،عوام پر بدترین مظالم ڈھا رہے ہیں۔ نسل کشیاں کی جا رہی ہیں۔ ریاستی دہشتگردی ہو رہی ہے۔سر فہرست بھارت ہے۔دنیا جب انسانی حقوق کا عالمی دن منارہی ہے، مودی کی فسطائی حکومت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںانسانی حقو ق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی نام نہادجمہوریت کا دعویدار بھارت ریاستی دہشتگردی کوتیزکرتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔جنوبی کشمیر کے دیالگام اسلام آباد کے رہائشی خورشید احمد گنائی کو چار سال پہلے پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قوانین کے تحت گرفتار کر کوٹ بھلوال جیل میں قید کیاگیا ۔چند روز قبل قابض فورسز نے 29نومبر کو اسلام آباد میں خورشید گنائی کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کی بہن اور ایک بچی کو جو دونوں دل کے عارضے میںمبتلا ہیںکو گرفتار کر کے انٹروگیشن سینٹر منتقل کردیا۔ چند روز بعد بچی کو چھوڑ دیا گیامگرخاتون کے اہل خانہ کے مطابق اسے غیر قانونی نظربندی کے دوران بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے سر اور چہرے پر بھارتی پولیس کے تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں اور انہیں مختلف جھوٹے الزامات میں ملوث کیاجارہا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ عالمی انسانی حقوق کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔ان کی قیادت میں او آئی سی کا پانچ رکنی وفد بھی دورہ میں شامل ہے۔ 2021نومبرمیں یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔امید ہے کہ او آئی سی سیکریٹری جنرل اور ان کی ٹیم آزاد کشمیر کی جنگ بندی لائن پر واقع آبادی پر بھارتی گولہ باری کے متاثرین اور مقبوضہ کشمیر سے بھارتی مظالم کی وجہ سے ہجرت کرنے والے کشمیریوں کے کیمپوں کا دورہ بھی کریں گے۔او آئی سی نے حقائق جاننے کے لئے فیکڈ فائنڈنگ مشن بھی مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ مگر بھارت مشن کو مقبوضہ کشمیر داخل ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔ او آئی سی کے رکن ممالک میں ایک کروڑ سے زیادہ بھارتی شہری موجود ہیں اور اربوں روپے کا زر مبادلہ کما کر بھارت کی معیشت کو مضبوط کر رہے ہیں۔ اگر او آئی سی بھارت پر دبائو ڈالے تو وہ ریاستی دہشتگردی کو جاری نہیں رکھ سکتا۔انسانی حقوق کے عالمی دن اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کا دفتر انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کی 75 ویں سالگرہ کو فروغ دینے اور اسے تسلیم کرنے کے لیے ایک سال بھر کی مہم کا آغاز کررہا ہے۔ یہ مہم 10 دسمبر 2023 کو اختتام پذیر ہوگی، وراثت، مطابقت اور فعالیت کو ”عزت، آزادی، اور انصاف سب کے لیے” کے موضوع کے تحت پیش کرے گی۔تاریخی دستاویز پر دستخط کرنے کے باوجود، بھارت انسانی حقوق کے تحفظ اور لوگوں کو بنیادی آزادیوں کی فراہمی وعدوںپر عمل کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے، خاص طور پر جموں و کشمیر میں جس پر اس نے 75سال سے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔مقبوضہ کشمیر کے عوام وقار، آزادی اور انصاف کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ بھارتی حکومت وحشیانہ طاقت سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ اختلاف رائے کو بے رحمی سے دبانا، آزاد صحافت کو جرم قرار دینا ، اور سیاسی اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر ظلم و ستم اس کا مشغلہ ہے۔بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے نیشنل انٹلی جنس ایجنسی( این آئی اے )کی خصوصی عدالت کی طرف سے ضمانت منظور ہونے کے باوجودمعروف کشمیری صحافی فہد شاہ کو رہانہیں کیاگیا ۔ فہد شاہ کے وکیل ایڈووکیٹ عمیر رونگا نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ این آئی کی نام نہاد خصوصی عدالت نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ایکٹ 2008 کے تحت آن لائن نیوز پورٹل ”دی کشمیر والا ”کے ایڈیٹر کی فہد شاہ کی ضمانت منظور کی ،مگر انہیں رہا نہیں کیاگیا ۔ فہد شاہ کورواں سال کے آغاز میں کشمیر والا پر انسانی حقوق سے متعلق خبریں جاری کرنے اور بھارتی فورسز کے مظالم اجاگر کرنے کے جرام میںگرفتار کیا گیا۔ این آئی اے کی عدالت نے فہد شاہ کے خلاف سرینگر کے صفاکدل پولیس اسٹیشن اورپلوامہ پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کئے۔ صحافی کے خلاف جموں میںمقدمات درج کئے گئے۔کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت فہد شاہ سمیت لاتعداد صحافیوں کو تختہ مشق بنا دیا گیا۔ غیر قانونی نظر بندی کو عدالت میں چیلنج کیاگیا مگر عدالتیں بھی معصوم کشمیریوں کو انصاف فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔بھارت مسلسل خونریزی اور تشدد، ہزاروں کشمیریوں کی ہلاکت اور اربوں ڈالر کی املاک کو تباہ کرنے کا باعث بنا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت نے 1989سے نومبر2022تک 96,156 معصوم کشمیریوں کو شہید کر دیا جن میں سے 7,275شہریوں کو قابض فورسز نے گرفتاری کے بعدزیر حراست قتل کر دیا۔ 165,385 شہری گرفتارکئے گئے۔ 110,495 تعمیرات جن میں رہائشی گھر اور کاروباری مراکز شامل تھے، گن پائوڈر چھڑک کر نذر آتش کئے گئے یا یا بارودی دھماکوں سے اڑا دیئے گئے۔ 22,952 عزت مآب خواتین سے ان کے سہاگ چھین کر انہیں بیوہ بنا دیا ہے۔ بھارت لوگوں کی مزاحمت کو دبانے کے لیے تشدد و جبر کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ہر سات کشمیریوں میں سے ایک کو وحشیانہ تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اندھا دھند پیلٹ شاٹ گن کے استعمال کی وجہ سے 200 سے زائد افراد مکمل یا جزوی بصارت سے محروم ہو چکے ہیں اور تقریباً 1,800 زخمی ہیں۔ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت کا سب سے زیادہ شکار خواتین ہیں۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے عصمت دری کو ریاستی سرپرستی میں جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ 11,256 سے زائد خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔سابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید کا اعتراف ہے کہ مقبوضہ وادی کے کنن پوش پورہ دیہات میں وردی پوش بھارتی فوجیوں نے بستی کے محاصرے کے دوران اجتماعی زیادتی کی اور وہ اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں کر سکتے۔بھارتی فوج کے آگے وزیر خارجہنے اپنی بے بسی کا اعتراف کیا۔ 23فروری 1991کو رات کے گیارہ بجے بھارتی فوج کی بدنام زمانہ 4راجپوتانہ رائفلز نے بستی کو محاصرے میں لیا۔ فوجیوں نے مقامی آبادی کے مطابق ایک سو خواتین کو اجتماعی درندگی کا نشانہ بنایا۔ ان کی عمریں8سے 80سال کی تھیں۔اس وقت کے ڈپٹی کمشنر ایس ایم یاسین نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ بھارتی اہلکاروں نے بندوق کی نوک پر درندگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کے بعد چیف جسٹس جموں و کشمیر ہائی کورٹ مفتی بہائوالدین فاروقی نے فیکٹ فائینڈنگ مشن کنن پوش پورہ بھیجا۔ اس نے تصدیق کی کہ 53خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ۔ اس کے باوجود فوج کے خلاف کوئی رپورٹ درج نہ کی گئی۔ بھارتی فوج نے پریس کونسل آف انڈیا سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ کونسل کی ایک ٹیم نے وادی کا دورہ کیا اور اجتماعی زیادتی کو جھوٹ قرار دے دیا۔ دہشت گرد فوج کو بے قصور ثابت کر دیا۔یہ بھارتی میڈیا کا کشمیر کے حوالے سے منافقانہ طرز عمل اور جانبداری ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے جب آواز بلند کی تو پریس کونسل آف انڈیا کی رپورٹ ہی جھوٹی ثابت ہوئی۔ لیکن آج تک کسی بھی فوجی کو سزا نہ دی گئی، نہ ہی پریس کونسل کی جھوٹی رپورٹ کے خلاف کسی نے کوئی لفظ ادا کیا۔چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کپواڑہ جے اے جیلانی نے 22سال بعد کنن پوش پورہ کیس کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت دی اور کہا کہ اس کیس کی انکوائری ایس ایس پی یا اس سے بڑے رینک کا پولیس افسر کرے۔ عدالت نے تحقیقا ت تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے انسانی حقوق کے کارکن پرویز امروز کی درخواست پر انکوائری کا حکم دیا ۔ مگر ابھی تک کچھ نہ ہوا۔وہی اپرویز امروز ایک بار پھر انسانی حقوق کے لئے آواز بلند کرنے کے جرم میں بھارتی جیل میں قید ہیں۔2011ء کو ریاستی انسانی حقوق کے ا دارے نے بھی کیس کو از سر نو کھولنے کی درخواست دی ۔ آج تک راجپوتانہ رائفلز کے 125اہلکاروں کی نہ تو شناختی پریڈ کی گئی اور نہ ہی پولیس نے ان سے تفتیش کی ۔خواتین کی عزتیں پامال کرنے کا جنگی حربہ بھی بھارت کا سنگین جنگی جرائم کی ایک مثال تھا۔۔تحریک آزادی میں خواتین اور بچوں کو بڑی تعداد میں جارحیت کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ جا بجا جان بیگم جیسی داستانیں بکھری پڑی ہیں۔ یہ جان بیگم کون ہے۔؟جان بیگم کا تعلق کپواڑہ سے ہے۔ جو وادی لولاب کے دیور علاقہ کی مقیم ہے۔ 55سالہ جان بیگم کی گود اجاڑ دی گئی ، سہاگ لٹ گیا۔1996ء میں جانا کا پہلا بیٹا 20سالہ محمد لطیف وار جو دارالعلوم لال بازار سرینگر میں زیر تعلیم تھا، اس وقت گھر کے کچن میں بیٹھا تھا۔ اس دوران وہاں بھارتی فوج اور ٹاسک فورس کے لوگ نمودار ہوئے اور کھڑکی سے فائر کر کے اسے وہیں ڈھیر کر دیا۔ جانا بیگم نے پہلا جواں سال حافظ قرآن بیٹا کھو دیا۔ دو سال بعد1998میںاس کے دو بیٹے محمد شریف اور بختیار وار کو گھر کے نزدیکی علاقہ بو ہامہ سے ٹاسک فورس نے گرفتار کیا، جب وہ سرینگر جا رہے تھے۔ انہیں مسافر بس سے نیچے اتارا گیا۔ چار دن بعد انہیں ایک فرضی جھڑپ میں شہید کر کے انہیں پاکستانی دہشت گرد قرار ددیا۔ جاناں بیگم کو دو بیٹوں کی لاشیں بھی نہ دکھائیں گی۔ گھر والوں نے انہیں صرف کپڑوں سے پہچان لیا جو جھڑپ والی جگہ کے قریب درختوں پر لٹک رہے تھے۔ کپواڑہ پولیس سٹیشن میں جو ایف آئی آر درج کرائی گئی ، اس میں ان دونوں کوغیر ملکی ملی ٹینٹ قرار دیا گیا ۔ 2000ء میں جانابیگم کا چوتھا بیٹا محمد شریف الدین دیو بند یو پی سے فارغ ہو کر گھر آیا تو ایک دن اسے بھارتی فوج نے حراست میں لینے کے بعد لا پتہ کر دیا۔ اسے بھی بھارتی فوج نے جنگ بندی لائن پر شہید کر دیا۔ اس کی لاش اور کپڑے بھی نہ ملے ۔ کسی کو جنگل سے اس کا شناختی کارڈ مل گیا۔ بھارتی فوج نے اس ماں کے ایک نہیں ، دو بھی نہیں ، چار جوان بیٹے ایک ایک کر کے شہید کر دیئے اور انہیںغیر ملکی دہشت گرد قرار دے دیا۔ بھارتی فوج اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے جاناں بیگم کے 60سالہ شوہرکو چار دن مسلسل تشددکرتے ہوئے شہید کر دیا۔پھر بھی وحشی بھارتی فوج کا جی نہ بھرا۔ انہوں نے جاناں کے گھر پر چھاپے ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ خود اس پر بھی کئی بار تشدد ہوا۔ ان دنوں جان بیگم بھیک مانگ کر گزر بسر کر رہی ہے۔ تین جوان بچیوں کا بوجھ اس کے سر پر ہے۔ یہی حال کشمیر کے ہزاروں جانہ بیگم کا ہے۔پروینہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی زیر حراست گمشدہ نوجوانوں کی بازیابی سے متعلق تشکیل دی گئی والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی(گمشدہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم) کی چیئر پرسن ہیں۔پروینہ کو آئرن لیڈی آف کشمیر بھی کہا جاتا ہے۔ پروینہ گزشتہ برسوں سے اپنی دکھ بھری کہانی دنیا کو سنا رہی ہے۔ وہ راجوری کدل سرینگر کی رہائشی ہے۔ کم عمری میں اس کی شادی ہوئی اور اسے تعلیم کو خیر آباد کہنا پڑا۔چھوٹی عمر میں اس کا پہلا بیٹاپیدا ہوا۔ اس کے بیٹے جاوید کو بھارتی فوج نے اس وقت گرفتار کر لیا جب یہ خاندان جاوید کے میٹرک پاس ہونے کی خوشی منا رہا تھا۔ یہ 17-18اگست 1990کی رات تھی۔ وہ بٹہ مالو میں کزن کے گھر گیا تھا ۔ جہاں سے اسے گرفتارکیا گیا۔ بھارتی فوجی جاوید احمد بٹ کو گرفتار کرنے آئے اور پروینہ کے بیٹے کو ساتھ لے گئے۔ وہ بیٹے کی تلاش میں ہر انٹروگیشن سنٹر، جیل، فوجی کیمپ، پولیس سٹیشن میں گئی۔ لیکن جاوید نہ ملا۔ کسی نے کہا کہ وہ فوجی ہسپتال میں ہے۔ لیکن وہاں بھی نہ ملا۔ 1997میں مقبوضہ کشمیر کی حکومت نے فوج کے خلاف مقدمہ چلانے کے لئے دہلی حکومت سے اجازت طلب کی لیکن وزارت داخلہ نے یہ اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا۔ پروینہ نے اب دیگر گمشدہ نوجوانوں کی بھی تلاش شروع کر دی۔ اے پی ڈی پی تنظیم قائم کی ۔ وہ فلپائن، یورپ، تھائی لینڈ، انڈونیشیا بھی پہنچیں اور دنیا کو کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ افراد کے بارے میں بتایا۔ شوپیاں میں 2009کو بھارتی فورسز نے دو خواتین آسیہ اور نیلوفر کو اغوا کرنے کے بعد انہیں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا ۔ ان کی لاشیں دریا میں بہا دیں۔ قابض حکومت نے کہا کہ دونوں کی موت دریا میں ڈوب جانے سے واقع ہوئی ہے۔ لیکن دونوں کے جسم پر تشدد کے نشانات حقیقت بیان کر رہے تھے۔ اس کے خلاف ریاست گیر ہڑتالیںہوئیں لیکن زمہ داروں کے خلا ف کوئی کارروائی نہ کی گئی۔بھارت نے 1,07,887 بچوں کے والدین قتل کر کے انہیں یتیم بنا دیا۔ تقریباً 10,000 کشمیریوں کو، جن میں زیادہ تر نوجوان لڑکے ہیں، جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا گیا ۔”بھارتی فوجیوں نے اس کے کپڑے اتار دیئے۔ کلائیاں باندھ دیں۔ بوٹوں سمیت اس پر چڑھ گئے اور اس کا جسم کچل ڈالا۔ساری رات شدید تشدد کے باوجود وہ پاکستان کا قومی ترانا گاتا رہا۔”یہ داستان اس کم عمر کشمیری لڑکے کی ہے جسے بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے ڈائون ٹائون علاقے سے گرفتاری کے بعد کیمپ میں لایا اور ٹارچر کا نشانہ بنایا۔اسے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپوٹ میں بیان کیا۔ اخبار 14سالہ لڑکے کے حوالے سے لکھتا ہے کہ اس کا قصور یہ تھا کہ اس نے بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کے دوران فورسز پر پتھرائو کیا اور بھارتی اہلکاروں کے ہتھے چڑھ گیا۔ اخبار مزید لکھتا ہے کہ کشمیری لڑکے نے پاکستان کا قومی ترانہ اس لئے گایا کہ وہ جانتا تھا کہ اس سے بھارتی فوجیوں کو شدید تکلیف ہو گی۔مقبوضہ کشمیر میں کم عمر بچوں کو نہ صرف گرفتار کیا جاتا ہے بلکہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنا یا جاتا ہے۔ان پر دہشت گردی کے مقدمے قائم کئے جاتے ہیں۔ ہتھکڑیوں میں جھکڑ کر انہیں عدالتوں میں پیش کر دیا جاتا ہے۔ عدالتوں سے سزائیں دلائی جاتی ہیں۔بندشوں اور پابندیوں کے دوران بھی لا تعدا د کشمیری بچے بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔کشمیری بچوںکے ساتھ ظالمانہ اور غیر انسانی سلوک خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے والی بھارت کی فوج رو ا رکھے ہوئے ہے۔سرینگر کے سعد کدل علاقہ کا 17سالہ طفیل اشرف مٹو، فردوس احمدککرو، ساکن نگلی سوپورعمر 16سال، تجمل بشیر بٹ17، واڈورہ سوپور ، توقیر راتھر، 9،دلنہ بارہمولہ، اشتیاق کھانڈے15اسلام آباد، فیضان بوہرو،13،محلہ جلال صاحب بارہمولہ، ابرار خان،16,مائسمہ سرینگر، عادل رمضان شیخ،13،پٹن، بشارت ریشی،14، وچی سنگھم، عاشق حسین بٹ،15، کلگام اسلام آباد، رمیض بٹ، 16، کلگام، سمیر احمد راہ،9، بٹہ مالو سرینگر، سہیل احمد ڈار،15، زینہ کوٹ سرینگر، عائشیہ شیخ حبہ کدل سرینگر، مدثر احمد زرگر،16، ترہگام کپواڑہ، عمر ڈار، 16، ناربل سرینگر، علی محمد کھانڈے،60سال، پٹن، ملت احمد ڈار،8سال، کھڈونی اسلام آباد، ارشاد پرے،،11،قدیم عید گاہ اسلام آباد، دانش نبی، 13،چرار شریف، رفیقہ بانو اوم پورہ بڈگام، حاجرہ،55، ریڈونی کلگام، راجو ناتھ، 14، رتھ پورہ کھنہ بل، مبینہ اختر نٹی پورہ سوپور، عمر سلمان بٹ،16،پوتکھاہ سوپور۔ یہ سب شہیدبچے ایسے ہیں جن کی عمریں 8سے 17سال کی ہیں۔ ان میں ایک بزرگ کی عمر 60سال ہے۔ ان میں سے اکثر بچوں کو مظاہرے کے دوران یا پتھرائو کے وقت گولی نہیں ماری گئی۔بلکہ بچوں کو کھیلتے ہوئے یا سکول جاتے ہوئے یا پھر گھروں میں گھس کر گولی ماری گئی۔ بھارتی فوج نے سات سالہ سمیر راہ کو اس کے گھر میں گولی مار دی۔ س وقت گولی ماری گئی جب وہ ٹیوشن پڑھ کر گھر لوٹ رہا تھا۔ زاہد فاروق کو کرکٹ کھیلتے ہوئے گولی ماری گئی۔ فدا کو اس کے گھر کے دروازے پر شہید کیا گیا۔ اشتیاق کھانڈے کو اس کے آہنگن میں گولیوں سے بھون ڈالا گیا۔ پتھرائو کے الزام میں ہزاروں نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا اور ان پر مقدمے قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد کم عمر بچوں کی ہے۔ یہ گرفتاریاں آج بھی جاری ہیں۔ گرفتار بچوں میں 13سالہ محسن مجید شاہ بھی ہے۔ محسن نورباغ سرینگر کا رہائشی ہے۔ مقامی سکول میں ساتویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ بھارتی فوج نے اسے رشتہ دار کے گھر جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اس پرپتھرائو کے الزام میں مقدمہ قائم کیا گیا۔ دوسرا لڑکا نوشہرہ سرینگر کا 11سالہ برہان نذیر ہے۔ جو چھٹی جماعت میں پڑھتا ہے۔ وہ مہاراج گنج پولیس سٹیشن میں قید ہے۔ پانچ بچوں کو پولیس نے ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا۔ ان کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔ ان کے چہرے پر تشدد کے نشانات تھے۔ ان کا چالان عدالت میں پیش کیا گیا۔ وہ رو رہے تھے۔ وہ بتا رہے تھے کہ ان کو مارا پیٹا جا رہا ہے۔ ان کو ماں بہن کی گالیاں دی جاتی ہیں۔ فورسز نے انہیں عدالت سے گھسیٹ کر بکتر بند گاڑی میں ڈال دیا۔ اس موقع پر وہاں موجود وکلاء نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ وہاں موجود وکیل ناصر قادری نے بتایا کہ سب بچے کم سن تھے۔ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نابالغ بچوں کی گرفتاری انتہائی تشویشناک ہے۔ اس ایکٹ کے تحت کسی بھی فرد کو بغیر مقدمہ چلائے دو سال تک قید رکھا جا سکتا ہے۔ 14سالہ فیضان حکیم کو پتھرائو کے الزام میں گرفتار کر کے کورٹ بلوال جیل جموںمیں بند کر دیا گیا جہاں جرائم پیشہ افراد بھی قید ہیں۔ 17سالہ مرتضیٰ منظور کو عدالت نے مداخلت پر جیل سے رہا کیا۔15سالہ شیخ زولفقار رعناواری کو کورٹ بلوال جیل میں بھر دیا۔ 15سالہ ہارس رشید لنگو کو بھی جیل کی ہوا کھانی پڑی۔ اس کی رہائی کے لئے دو بار عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا گیا۔ 14سالہ مشتاق احمد شیخ کی گرفتاری کے بعد عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہائی کے باوجود رہا نہ کیا گیا۔ 13سالہ عمر مقبول کی گرفتاری کے بعد جب ضمانت پر رہائی ملی تو اسے دوبارہ جیل سے باہر حراست میں لیا گیا۔پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ہی سرینگر سے آصف شاکساز اور ساجد میر جبکہ سوپور سے عادل خان کو گرفتار کیا گیا۔ انہیں 300کلو میٹر دور لے جا کر جموں کی کوٹ بلوال جیل میں قید کر لیا گیا۔ بھارتی فورسز نے کم عمر لڑکوں کو پی ایس اے اور رنبیر پینل کوڈ کے تحت بھی گرفتار کیا ۔ 10سالہ لڑکے کو بھی نہ بخشا گیا۔ نوشہرہ سرینگر سے برہان نذیر پامپوری اس کی تازہ مثال ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی شناخت، مستقل غیر انسانی ریاستی جبر اور اکثریتی مسلم کمیونٹی کے خلاف سنگین تشدد سے تباہ ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی اور اجتماع اور آزاد صحافت کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ہزاروںافراد بغیر کسی مقدمے کے نظربند ہیں۔ UAPA، AFSPA، PSA، اور دیگرکالے قوانین کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کو دبانے کے لیے آبادی کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔ بھارتی حکومت اور اس کی افواج منظم انداز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں ایمنسٹی انٹر نیشنل، ایشیا واچ اور دیگر عالمی اداروں کی رپورٹیں مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی ابتر حالت کو اجاگر کرتی ہیں۔وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت پر زور دے رہی ہیں۔بھارتی جنگی جرائم کا پردہ چاک کر دیا جاتاہے۔مگر بھارت اپنی بدترین ریاستی دہشتگردی کو چھپانے کے لئے آزادی پسندوں کا قتل عام کر کے ان پر دہشتگردی کا الزام لگا دیتا ہے یا مسلہ کشمیر کے اہم فریق پاکستان کے خلاف پروپگنڈہ کرتا ہے۔سابق امریکی صدر ٹرمپ نے مقبوضہ بیت القدس کو اسرائیل کا مرکز تسلیم کر کے ،گولان پر اسرائیلی تسلط جائز قرار دے کر، اپنے سفارتخانے کی منتقلی، بھارت کو جدید اسلحہ سپلائی، نریندر مودی سے ملاقات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنا، یہ سب قابضین کی جارحیت اور قتل عام کی حمایت ہے۔جس سے طاقت ور اور جارحیت پسند دنیا کے رحجان اور قتل ہوتی انسانیت کی بے بسی کی عکاسی ہوتی ہے۔ نصف درجن خواتین بھی ہیں جنھیں بھارتی فوجیوں نے بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کے دوران شہید کیا۔یہ شہادتیں جون، جولائی، اگست2010کو ہوئیں۔ آج برسوں بعد بھی قاتل اور جرائم پیشہ بھارتی فوج کے کسی ایک اہلکار کو بھی سزا نہیں دی گئی۔ کیوں کہ بھارتی فوج کو کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ ہے۔ ان پر دنیا کی کسی عدالت میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا۔ یہ فوج کنکر کے جواب میں گولی چلانے کا اختیار رکھتی ہے۔قابض فوج کے پاس اس قدر بے جا اختیارات ہیںکہ کوئی بھی فوجی کسی کشمیری کو کسی بھی وقت، کسی بھی جگہ سے گرفتار کر سکتا ہے۔ اسے برسوں تک انٹروگیشن سنٹر میں رکھ سکتاہے۔ اسے سلاخوں کے اندر ڈال سکتا ہے۔پتھر پھینکنے پر بچوں کو گولی مار کر شہیدکر سکتاہے۔پہلگام میں امرناتھ شرائن بورڈ کو غیر قانونی طور پر اراضی الاٹ کرنے کے خلاف مظاہروں میں درجنوں کشمیریوں کو قتل کیا گیا۔برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فورسز کے مظالم کا نیا سلسلہ شروع ہو ا ۔ جس میں شدت لائی گئی ۔ہزاروں کشمیریوں کو پیلٹ فائرنگ سے آنکھوں سے محروم کر دیا گیا۔مقبوضہ کشمیر میں لا تعداد کالے قوانین ہیں۔ جن میں ٹاڈا، پوٹا، پبلک سیفٹی ایکٹ، آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ قابل زکر ہیں۔ مقبوضہ ریاست جو اب دہلی کے براہ راست دو حصوں میں تقسیم کردہ کالونی ہے، عملاً فوجی سٹیٹ ہے۔ اس پر فوج کا ہی حکم چلتا ہے۔ یہاں تک کہ بھارت کی نیم فوجی دستوں کو بھی لا محدود اختیارات دیئے گئے ہیں۔ نیم فوجی دستوں میں سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی آر پی، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی، آر آر قابل زکر ہیں۔ لیکن یہ بھی ریگولر فوج ہے۔ انہیں نیم فوج کا نام دیا گیا ہے۔مزید تازہ دم فوج کشمیر میں داخل کی جا رہی ہے تا کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام تیز کر دے۔آج قابض لیفٹننٹ گورنر کی قابض حکومت سنگین جرائم میں مصروف فورسز کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ بھارت کے شدید مظالم اور نسل کشی کے باوجود کشمیریوں نے ہمیشہ جدوجہد کو جاری رکھنے اور بھارت کی غلامی قبول نہ کرنے کا اعادہ کیا۔مگرجب تک بھارتی فوج کوبے جا اختیارات ہیں۔جب تک کشمیر پر بھارت کا جارحانہ اور ناجائز قبضہ ہے۔جب تک کشمیری غلام ہیں۔تب تک قابض بھارتی فوجی ہی لامحدود اختیارات کے ساتھ کشمیر کے حکمران ہیں۔وہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری رکھیں گے۔ انہیں کنن پوش پورہ جیسے سانحات پر سزا دینے کے بجائے ترقیاںاور تمغے ہی دیئے جائیںگے۔ وہ پورے کشمیر کو جاناں بیگم بنا رہے ہیں۔ انسانی حقوق کی سنگین پامالی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا رہا ہے، ہندو بستیاں قائم ہو رہی ہیں۔ تقریباً40لاکھ غیر ریاستی ہندو انتہا پسندوں کو کشمیر کی شہریت دی گئی ہے۔خدشہ ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اسرئیل کی طرح گھروں سے بے دخل کر دے گا۔ آزادی پسندوں کی جائیدادیں دھماکوں سے اڑانے اور ضبط کرنے کے درپردہ یہی سازش کار فرما ہے۔اقوام متحدہ اور تمام دنیا انسانی حقوق کے دن منائے گی اور بھارت،کشمیریوں کے حقوق بھارت پامال کرتا رہے گا۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے اپنی رپورٹس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ عالمی کمیشن کی تشکیل اور اسے کشمیر بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مگر ابھی تک اس پر عمل نہ ہو سکا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانیت دشمنی کی تفصیل
From Jan 1989 till 29 Feb 2024
Total Killings 96,290
Custodial killings 7,327
Civilian arrested 169,429
Structures Arsoned/Destroyed 110,510
Women Widowed 22,973
Children Orphaned 1,07,955
Women gang-raped / Molested 11,263

Feb 2024
Total Killings 0
Custodial killings 0
Civilian arrested 317
Structures Arsoned/Destroyed 0
Women Widowed 0
Children Orphaned 0
Women gang-raped / Molested 0