سرینگر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں جموں و کشمیر کے عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں۔
جموں و کشمیر ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی کی جانب سے سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور کھمبوں پر پوسٹرچسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ کشمیریوں کیلئے یہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اور مقبوضہ کشمیر میں مودی کے آباد کاری کے استعماری ایجنڈے کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہو کر جہدوجہد کرنے پر زوردیاگیا ہے۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے اور وہاں پر غیر کشمیری ہندوئوں کو آباد کرنے کیلئے ایک مذموم منصوبہ پر عمل پیرا ہے تاکہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا سکے۔بعض پوسٹروں میں بھارت کی کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف مزاحمت کے لیے اتحاد کے ساتھ آواز بلند کرنے کی ضرورت پر زوردیاگیا ہے اور کہاگیا کہ اپنی سرزمین کاتحفظ کرنا ہمارااولین فرض اور ذمہ داری ہے۔پوسٹروں میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمیں اپنے حقیقی موقف پر ثابت قدم رہنا ہوگاکیونکہ ہم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
کشمیر مخالف بھارتی عزائم ناکام بناکر رہیں گے، کشمیر میں مختلف مقامات پر پوسٹرز چسپاں
مناظر: 871 | 28 Feb 2023