کابل(نیوز ڈیسک ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دفتر وزارت خارجہ کے قریب ہونے والے خود کش بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ مؤقر افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز نے عالمی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترجمان وزارت داخلہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جارہ کردہ بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور کو افغان فورسز نے پہچان لیا تھا جس کے بعد اسے دفتر خارجہ کے قریب ایک تجارتی سینٹر کے سامنے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق حملہ آور کی ہلاکت سے اس کے پاس موجود دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں اسپتال چلانے والی ایک اطالوی این جی او نے تصدیق کی ہے کہ 2 شہریوں کی نعشیں اور 12 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ دفتر خارجہ کے قریب حالیہ تین ماہ میں ہونے والا یہ تیسرا حملہ ہے جب کہ ماہ رمضان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہے۔
11 جنوری کو ایک خود کش حملہ آور نے وزارت خارجہ کے قریب خود کو بم سے اڑا دیا تھا جس کے نتیجے میں 10 فراد جاں بحق اور 53 زخمی ہوگئے تھے۔