اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملکی سیاسی صورت حال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے 20دسمبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے متوقع اعلان کے بعد حکمت عملی بنائی جائےگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے فیصلوں پر تمام اتحادیوں سے مل کر اجتماعی حکمت عملی بنائی جائے گی، عمران خان کے فیصلوں کے ملک پر پڑنے والے اثرات سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت 16 دسمبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن عمران خان کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 20دسمبر کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 17 تاریخ کو لبرٹی چوک پر تحریک انصاف کا اجتماع ہوگا جہاں وہ دونوں اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے اعلان کریں گے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ان کے ارکان قومی اسمبلی ایوان میں جاکر دوبارہ استعفے دیں گے جس کے بعد 70 فیصد ملک الیکشن موڈ میں چلا جائے گا، عقل تو یہ کہتی ہے کہ اگر 70 فیصد ملک میں انتخابات کرانے ہیں تو بہتر ہے کہ عام انتخابات ہی کرادیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کہتا ہےجیسے اسمبلی ختم ہوتی ہے 90 دن کے اندرالیکشن ہو لیکن ان چوروں کا مقصد اپنے کرپشن کیسز ختم کرانا ہے