واشنگٹن(نیوز ڈیسک ) بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے اتحادکشمیر ڈائیس پورا کولیشن(کے ڈی سی )نے جی 20 ممالک کے سربراہان سے کہا ہے متنازعہ جموں وکشمیر میں جی 20 کے کسی اجلاس میں شرکت نہ کی جائے کیوں کہ ایسے اجلاس کے زریعے بھارت جموں وکشمیر بارے دنیا کو دھوکہ دینا چاہتا ہے ۔
متنازعہ جموں وکشمیر میں جی 20 اجلاس کا مقصد کشمیری پر بھارتی جبری قبضے سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ کے ڈی سی میں ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم، واشنگٹن ڈی سی، کشمیر ہاؤس استنبول، کشمیر سیوتاس، کینیڈا، ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ، لندن؛ تحریک کشمیربرطانیہ اور کشمیر گلوبل کمپین، لندن شامل ہیں ۔ امریکہ میں مقیم ڈاکٹر غلام نبی میرکے ڈی سی کے صدر ہیں۔
ڈاکٹر غلام نبی میر کی صدارت میں کے ڈی سی نے جی 20 ممالک کے سربراہان کے نام خط میں اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ ممبر ممالک انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ اور جنیوا کنونشن کے دستخط کنندگان کے طور پر، اس معاملے میں ایک قطعی عوام نواز موقف اپنائیں گے۔ یہ ان ممالک کی ساکھ کا معاملہ بھی ہے اور ہم آپ سے استدعا کرتے ہیں کہ بے بس لوگوں کی بے اختیاری اور محکومی میں ہتھیار بننے سے انکار کریں۔امید کرتے ہیں کہ علاقے کی متنازعہ حیثیت کی روشنی میں، آپ صورتحال کا ایک جامع جائزہ لیں گے اور بھارتی حکومت کو سربراہی اجلاس کا مقام تبدیل کرنے پر مجبور کریں گے۔