جموں (نیوز ڈیسک ) بھارتی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن اور مودی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوری اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت کی درخواست کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ درخواست جموں میں مقیم سینئر ایڈوکیٹ ہرش دیو سنگھ نے جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی (جے کے این پی پی) کے رہنما منجو سنگھ، چیئرمین بلاک ڈیولپمنٹ کونسل رام نگر دیس راج اور ضلع ترقیاتی کمیٹی ادھم پورکی رکن اشری دیوی کی جانب سے دائر کی ہے۔
ہرش دیو سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ رجسٹری نے ابھی سماعت کی تاریخ طے نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پچھلے چاربرسوں سے ایک جمہوری حکومت سے محروم ہے۔ انتخابات میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے اور یہ مختلف بہانوں سے ملتوی کیے جا رہے ہیں۔