اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) یوتھ فورم فارکشمیرنے دنیا پر زوردیا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن، انصاف اور انسانی حقوق کے احترام کے وعدے کی خلاف ورزی کرنے کا نوٹس لے۔
وائی ایف کے نے آج” امن کے ساتھ ایک ساتھ رہنے ”کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ بھارت کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا جوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری امن کے اصولوں کا احترام کرے، جامع بات چیت کی حوصلہ افزائی کرے اور ایک ایسا ماحول پیداکرے جس میںکشمیری عوام کی امنگوں کا احترام ہو۔یوتھ فورم فارکشمیرنے اپنے بیان میں کہاکہ ہم اس خاص دن کے موقع پر گروپ20کے ممالک سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں امن کو آگے بڑھانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ پوری دنیا کو متحدہ ہوکرکشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے آواز اٹھانی چاہیے۔یوتھ فورم فارکشمیرکے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر زمان باجوہ نے اپنے ایک پیغام میں امن سے جینے کے حق کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ سرینگر میں گروپ 20کے اجلاس کے انعقاد سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے شہریوں کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا اور علاقائی کشیدگی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ گروپ 20کے رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت کرنے اور جموں وکشمیر پر بھارت کے تسلط کو جائز قرار دینے کے بجائے کشمیری عوام کی حمایت کرنی چاہیے اور خطے میں مذاکرات اور امن کو آگے بڑھاناچاہیے۔دنیا میں امن، رواداری اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے”امن کے ساتھ ایک ساتھ رہنے کا عالمی دن” ہر سال 16مئی کو منایا جاتا ہے۔