\
اتوار‬‮   23   ‬‮نومبر‬‮   2025
 
 

بھارتی ریاستوں میں بغاوت ، منی پور میں گزشتہ تین دن کے دوران 50سے زائد عیسائی ہلاک

       
مناظر: 546 | 29 May 2023  
امپھال29مئی(نیوزڈیسک) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں بی جے پی حکومت کی طرف سے عیسائیوں کے خلاف جنگ چھیڑنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 50ہوگئی ہے جن میں زیادہ تر عیسائی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کے دورہ منی پور سے قبل آج سوگنو اسمبلی حلقے میں مزید 7شہری جن میں زیادہ تر عیسائی ہیں اور دو پولیس کمانڈوز ہلاک ہو گئے۔ گزشتہ دو روز کے دوران مختلف علاقوں میں بھارتی فوج اورپیراملٹری فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کے دوران 40ے زائد عیسائیوں کو قتل کردیاگیا۔علاقے میں 250کے قریب مکانات کو آگ لگا دی گئی۔تاہم بھارتی فوج اور پولیس اسٹیبلشمنٹ نے تصدیق کی ہے کہ یہ کارروائیاں زیادہ تر عیسائیوں، کوکی نیشنل آرگنائزیشن اور یونائیٹڈ پیپلز فرنٹ کے خلاف کی جارہی ہیں جو بھارت سے آزادی کا مطالبہ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ٹریبیون انڈیا نے اپنے اداریے میں کہا ہے کہ شمال مشرقی ریاست میں صورتحال پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ ریاست میں تقریبا تین ہفتے قبل دو نسلی اور مقامی گروہوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں – میتھی قبائل زیادہ تر وادی امپھال میں اور اس کے آس پاس رہتے ہیں ۔کوکی قبائل جو پہاڑیوں میں رہتے ہیں، زیادہ تر عیسائی ہیں۔ خونریزی اورہلاکتوں کے علاوہ گھروں اور گرجا گھروں کو جلایا گیا اور انٹرنیٹ معطل کردیا گیا۔ تقریبا 75 افراد ہلاک، سیکڑوں زخمی اور دسیوں ہزار بے گھر ہو کر ریلیف کیمپوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔منی پور ہائی کورٹ کی طرف سے ریاست کو میتھیوں کو درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرنے پر غور کرنے کی ہدایت کے بعد مارچ سے ہی دونوں گروپوں میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ کوکی جو زیادہ تر عیسائی ہیں، خطرہ محسوس کر رہے ہیں کیونکہ اس اقدام سے ہندو میتھیوںکے لیے جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں زمین کے مالک ہونے اور ملازمتیں حاصل کرنے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔