جموں 16 جون (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں درجنوں معذور افراد، بیواوں اور معمر لوگوں نے ضلع اکھنور میں” آل جموں و کشمیر ڈس ایبل ویلفیئر ٹرسٹ“ کے بینر تلے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کی قیادت ٹرسٹ کے چیئرمین سشیل شرما نے کی۔ مظاہرین نے محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے مستحقین کی دوبارہ رجسٹریشن کے فیصلے پر شدید افسوس اور ناراضگی کا اظہار کیا۔
ٹرسٹ کے صدر شام لال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انتظامیہ نے انہیں اپنی دستاویزات دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور اب انہیں ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگوائے جا رہے ہیں، معذور اور معمر لوگوںکو دفتروں میں گھنٹوں قطار میں کھڑا رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکام کی تازہ ہدایات ان کے لیے انتہائی تکلیف اور پریشانی کا باعث ہیں ۔ مظاہرین نے پنشن کی فوری بحالی اور از سر نو رجسٹریشن کے عمل کو زیادہ سے زیادہ آسان بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔