سرینگر(نیوز ڈیسک ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور 5 نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا جبکہ متعدد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی بھاری نفری نے شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقہ جمہ گنڈ کا گزشتہ روز محاصرہ کر لیا اور اس دوران داخلی و خارجی راستے بند،مواصلاتی رابطے منقطع کر دئیے ،تلاشی کارروائی کے دوران بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کرکے 5 نوجوانوں کو مجاہدین قرار دے کر جعلی مقابلے میں شہید کر دیا،قابض فوج نے گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی اور بچوں کو ہراساں کیا ، آخری اطلاعات تک فوج کا آپریشن جاری تھا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ فوج کی کارروائی میں 5 مجاہدین شہید ہو گئے ،دریں اثنا راجوری ، پونچھ،اسلام آباد، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں بھی آپریشن جاری ہے جبکہ کپواڑہ کے علاقے دیور لولاب میں آزادی پسند کارکن الماس رضوان کی جائیداد ضبط کر لی گئی۔ ادھر اسلام آباد میں قائم کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف وانی نے امریکی صدر، ارکان کانگریس، سینیٹرز اور امریکی وزارت خارجہ کے دیگر عہدیداروں کے نام ارسال مراسلے میں زوردیا ہے کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران ان کے سامنے مسئلہ کشمیر اٹھائیں ، مودی رواں ماہ 21 تاریخ سے امریکہ کا چار روزہ دورہ کریں گے جبکہ لندن میں قائم کشمیر بارے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ، لیبر فرینڈز آف یو کے ، کشمیری تنظیموں بشمول جموں و کشمیرتحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو ایک یادداشت پیش کی ہے جس میں غیر قانونی طور پر بھارتی جیل میں قید حریت رہنما یاسین ملک کی زندگی کو بچانے کیلئے برطانوی حکومت کو کردار ادا کرنے پر زور دیا گیا۔
مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری،مزید 5کشمیری نوجوان شہید
مناظر: 797 | 17 Jun 2023