سرینگر12 جولائی (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست مظاہرے کیے۔
خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگ سری نگر اور راجوری کے علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے ۔سرینگر کے علاقے حول اور اس کے ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ انہوںنے کہا کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب سے ان کے بجلی کے بل زیادہ آتے ہیں جن کی ادائیگی سے وہ قاصر ہیں۔ انہوںنے حول چوک کو بلاک کر دیا اور سمارٹ میٹر فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
دریں اثنا، محکمہ پاور ڈیولپمنٹ کے غیر مستقل ملازمین اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں نے راجوری میںاپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ بار بار کی یقین دہانیوںکے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا ۔ انہوںنے کہا کہ اگر اعلیٰ حکام نے مطالبات جلد پورے نہ کیے اور وہ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال شروع کر دیں گے۔