سرینگر14 جولائی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے حل اور خطے میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بھارتی ہٹ دھرمی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاری اور دیگر جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کی جدوجہد سے ہرگز باز نہیں رکھ سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی کئی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کررکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت، پاکستان اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات سے تنازعہ کشمیر کے حل کی راہ آسان ہو گی۔ ترجمان نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔