سرینگر15 جولائی (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں بھارتی فورسز اہلکاروں اور بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے” نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی“ (این آئی اے) کیطرف سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ بڑے پیمانے پر جاری ہے۔تلاشی آپریشنوں کے دوران لوگوں کی سخت ہراساں کیا جا رہا ہے۔
بھارتی فوجیوں ، پیرا ملٹری وپولیس اہلکاروں اور این آئی اے کی ٹیموں نے شوپیاں کے علاقے گگراں میں جمعرات کو فائرنگ کے ایک واقعے میں تین غیر مقامی مزدوروں کے زخمی ہونے کے بعد شوپیاں، کولگام، اسلام آباد اور پلوامہ ضلع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
مقامی لوگوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے گزشتہ دو دنوں کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار گھروں میں گھس کر مکینوں کو ہراساں اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں۔
دریں اثنابھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور گھرگھر تلاشی کاسلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔