سرینگر19 جولائی (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں 19جولائی 1947کوجموں و کشمیر کی تاریخ کا خصوصی اہمیت کا حامل اہم ترین دن قرار دیاگیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹروں پر درج پیغامات میں کہاگیاہے کہ 19جولائی 1947کو کشمیر کے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کر کے کشمیری رہنمائوں نے جموں و کشمیر کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ یہ پوسٹرز نوجوانان حریت جموں و کشمیر،پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر جسٹس لیگ فورم، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک یوتھ فورم، جموں و کشمیر پیپلز ریزسٹنس پارٹی، وارثین شہدا اور وادی کشمیر کی دیگرآزادی پسند تنظیموں کی طرف سے چسپاں کئے گئے ہیں ۔پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ کشمیری شہدا کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہوگا۔پوسٹروں میں عالمی برادری پر زور دیاگیا ہے کہ وہ بھارت کو جموں و کشمیر میں رائے شماری کرانے پر مجبور کرے تاکہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔