سرینگر 20 جولائی (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب کے سبب ایک کم عمر لڑکے سمیت آٹھ افراد کی جانیں چلی گئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع کٹھوعہ کے علاقے سرجان میں شدید بارش کے باعث مشتاق احمد اور عبدالقیوم کے مکان گر گئے جن کے ملبے تلے ایک بچے اور ایک خاتون سمیت پانچ افراد دب گئے۔اسی ضلع کے علاقے بنی میں تین افراد مٹی کے تودے تلے آنے کیوجہ سے ہلاک ہو گئے۔ بارشوں کی وجہ سے جموں خطے میں سڑکوں کوبھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکام نے کٹھوعہ، ڈوڈہ، راجوری اور کشتواڑ اضلاع میں تمام سکول بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔پانچ ہزار کے قریب امرناتھ یاتریوں کی ایک تازہ کھیپ کو بھی لینڈسلائیڈنگ کے سبب رام بن کے یاتری نواس چندر کوٹ میں روک دیا گیا ہے۔