اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) جموں و کشمیر مسلسل بھارت کے ظالمانہ قبضے کی زد میں ہے اوربھارتی فوجیوں نے علاقے کو اس کے مکینوں کے لئے جہنم بنادیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ جمو ں وکشمیرکو اس کے مکینوں کے لیے ایک جہنم میں تبدیل کر دیا ہے کیونکہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر ہر عمر اور جنس کے کشمیریوں کو بے رحمی سے قتل کیا جارہا ہے اور تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی سات دہائیوں سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں زندہ رہنے کے حق سمیت تمام حقوق پامال کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ پیر سے اب تک سفاک بھارتی فوجیوں نے آٹھ نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجی مقبوضہ علاقے میں 1989سے اب تک 96ہزار 213کشمیریوں کوشہید اور ایک لاکھ 68ہزار9 کشمیریوں کوگرفتارکرچکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریبا 10 لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ بنادیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانیت کے خلاف بھارت کے سنگین جرائم کی انسانی حقوق کے متعدد عالمی اداروں نے تصدیق کی ہے اور دنیا کب تک مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی ظلم و جبر پر خاموش رہے گی؟ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اخلاقی طور پر پابند ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری مظالم کو روکنے کے لیے بھارت پر دبا ڈالے۔