جموں 25جولائی (نیوز ڈیسک ) شیو سینا مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ نے فرقہ پرست بھارتی فلم سازوویک اگنی ہوتری کی ایک اور متنازعہ فلم ”دی کشمیر فائلز ان رپورٹڈ” کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرے کی قیادت شیوسینا کے صدر منیش ساہنی نے کی۔ انہوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم کشمیریت کے خلاف زہر افشانی کی سازش کا حصہ ہے۔مظاہرین نے وویک اگنی ہوتری کو شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کی کشیدہ صورتحال کے بارے میں ”دی منی پور فائلز”کے عنوان سے فلم بنانے کو کہا۔ مظاہرین نے پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیر کو فروخت کرنا بند کرو” جیسے نعرے درج تھے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے منیش ساہنی نے کہا کہ متنازعہ پروپیگنڈہ فلم ‘دی کشمیر فائلز’ کی ریلیز کے بعد کشمیر میں ہندوئوں کی ٹارگٹ کلنگ میں نمایاں طورپراضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وویک اگنی ہوتری کو منی پور کی موجودہ سنگین صورتحال پر بھی ایسی ہی فلم بنانا چاہیے جس سے انسانیت کو شرم آئے۔انہوں نے منی پور کی کشیدہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں تقریبا 10ہزارگھروں کو آگ لگا دی گئی ہے، 60ہزارسے زیادہ لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں اور 150سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔اس موقع پر شیو سینا خواتین ونگ کی صدر میناکشی چھیبر، چیئرمین راکیش گپتا، نائب صدر سنجیو کوہلی، کامگار ونگ کے صدربلونت سنگھ، راج سنگھ، سمیت شرما، نیلم رانی، سنی کمار، منگو رام، شیو کمار، جگبیر سنگھ، ترسیم لال، ارون کمار اور دیگر بھی موجود تھے۔