سرینگر26جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھارتی پولیس کے ہاتھوں دو علما ئے دین سمیت تین افراد کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے سرینگر کے علاقے پاندریٹھن میں سالانہ کربلا کانفرنس کے چند روز بعدسوناواری کے علاقے نوگام سے تعلق رکھنے والے مولوی بشیر احمد، بڈگام کے علاقے خندہ سے تعلق رکھنے والے مولانا علی محمد جان اور ڈانگر پورہ بانڈی پورہ کے عاشق حسین کو منگل کے روز گرفتار کیاتھا۔آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں گرفتاریوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مقبوضہ علاقے میں محرم کے جلوسوں پر پابندی جاری رکھنے کے فیصلے پر قابض حکام کی شدید مذمت کی۔