جموں 26 جولائی(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جسمانی طور پر معذور افراد نے جموں میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پنشن کی بحالی کا مطالبہ کیا جسے قابض حکام نے چند ماہ قبل روک رکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین اپنے مطالبات پر زوردینے کے لئے کٹھوعہ، سانبہ اور جموں کے دور دراز علاقوں سے آئے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل حکام نے انہیں پنشن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اس حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا۔مظاہرین میں سے ایک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نقل و حرکت میں کافی مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہم اپنے حقوق کے لیے احتجاج میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ ان کامسئلہ جلد حل کریں۔مظاہرین کے رہنمائوں نے خبردار کیا کہ اگر 31جولائی تک پنشن کی رقم ان کے کھاتوں میں جمع نہ ہوئی تووہ یکم اگست سے متعلقہ افسران کے دفاتر کے سامنے بھرپور احتجاج شروع کر دیں گے۔