جموں 27جولائی (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ بجلی کے ڈیلی ویجر کارکنوں نے جمعرات کومسلسل چوتھے روز بھی بی جے پی کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرناجاری رکھ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہرین اپنی 72 گھنٹے کی ہڑتال کے دوران اپنی تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر جائزمطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں۔ جموں کے ریلوے روڈ کے قریب پانامہ چوک پر واقع محکمہ بجلی کیدفتر کے قریب آج چوتھے روز بھی ڈیلی ویجرکارکنوں نے اپنا احتجاجی دھرنا جاری رکھا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ بغیر کسی تنخواہ کے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اور محکمہ ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے متعدد ملازمین دوران ڈیوٹی اپنی جانیں گنواچکے ہیں ۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ معمولی تنخواہ پر کام کر رہے ہیں جس کی ادائیگی بھی انہیں بروقت نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے ان کے اہلخانہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے قابض حکام سے اپنی ملازمتوں کی مستقلی کا مطالبہ بھی کیا ۔