اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کو موجودہ کربلا میں تبدیل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے وقت کا یزید ہے اور بھارت معصوم کشمیریوں کو ناقابل بیان مصائب سے دوچار کرکے جدید یزیدی حکومت کے طور پر ابھرا ہے۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنی آزادی کیلئے لڑنے والوں کیلئے ہر دن عاشورہ ہے اور ہر مقام کربلا ہے ، بہادر کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی اپنی منصفانہ جدوجہد میں لازوال قربانیاں دے کر کربلا کے جذبے کو زندہ کر رہے ہیں۔ مقبوضہ علاقے میں مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کے خلاف کھڑے ہونے والے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے پرچم بردار ہیں، کشمیریوں نے ظلم وجبر کے خلاف کھڑا ہونا کربلا سے سیکھا ہے۔رپورٹ میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جو لوگ بھارت کے آلہ کار ہیں وہ یزید کے ساتھی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے کربلا سے حوصلہ اور تحریک حاصل کرتے رہیں گے ،بھارتی ظلم کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کربلا کی جنگ کا تسلسل ہے جیسا کہ واقعہ کربلا کا بھی یہی پیغام ہے کہ مسلمانوں کو ظلم و جبر کے خلاف ڈٹے رہنا چاہیے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری امام حسین رضی اللہ عنہ کے حقیقی پیروکار ہیں۔ کشمیری بھارتی ظلم و ستم کے خلاف ڈٹ کر کربلا کی یادوں کو تازہ کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں محرم کے جلوسوں میں آزادی کشمیر کے حق میں نعرے حقیقی حسینی کرداروں کا مظہر ہیں اور کشمیری یقیناً امام حسین کے راستے پر چلتے ہوئے بھارتی تسلط سے چھٹکارہ پا لیں گے۔
مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو موجودہ کربلا میں تبدیل کر دیا ہے
مناظر: 480 | 30 Jul 2023