نئی دلی یکم اگست (نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آئندہ سال عام انتخابات جیتنے کے لیے پلوامہ جیسا ایک اور فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے۔
ستیہ پال ملک نے ایک حالیہ انٹرویو میں، جسے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر شیئر کیاہے کہاہے کہ انہیں ڈر ہے کہ مودی حکومت اپنی مقبولیت میں تیزی سے کمی کے پیش نظر ملک میں آئندہ سال ہونیوالے انتخابات میں کامیابی کیلئے پلوامہ جیسا ایک اور فالس فلیگ آپریشن رچاسکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ ناخوشگوار واقعہ رام مندر پر حملہ اورکسی بی جے پی لیڈر کو مارنے کی سازش بھی ہو سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ مودی حکومت اگر پلوامہ حملہ کر سکتی ہے تو وہ کچھ بھی کر سکتی ہے ۔انٹرویو میں انہوں نے نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت پر زوردیا کہ وہ فوری طورپر اقتدار سے الگ ہو جائے ورنہ شکست اس کا مقدر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بی جے پی 2024کے انتخابات نہیں جیتے گی ۔ستیہ پال ملک کے دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ 2024کے انتخابات میں بی جے پی کی شکست اور فالس فلیگ آپریشن کے بارے میں ستیہ پال ملک کے حالیہ دعوے سچ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی پارٹی کا اصل ایجنڈا ” سب کا وناش” ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال اپریل میں دی وائر کے کرن تھاپر کو ایک انٹرویو میں ستیہ پال ملک نے وزیر اعظم مودی اور ان کے ساتھیوں پر کڑی تنقید کی تھی۔ انٹرویو میں انہوں نے بھارتی وزارت داخلہ کی ناکامیوں کے بارے میں بات کی جس کی وجہ سے فروری 2019میں پلوامہ میں بھارتی فوجیوں پر جان لیوا کن حملہ ہواتھا۔ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا کہ پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر حملہ بھارتی حکومت خاص طور پر سی آر پی ایف اور وزارت داخلہ کی “نااہلی” اور “لاپراواہی” کا نتیجہ تھا۔تاہم تازہ ترین انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ پلوامہ حملہ بی جے پی حکومت نے کروایا تھا۔