سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے کئی صحافیوں اور کم از کم ایک سیاسی کارکن کا پاسپورٹ معطل کر دیاہے جبکہ متعدد لوگوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔
آن لائن بھارتی اخبار” دی وائر” نے ایک رپورٹ میں کہاکہ جن لوگوں کے پاسپورٹ معطل کئے گئے انہیں بھارتی سیکورٹی کے لئے خطرہ قرار دیا گیاہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرینگرکے پاسپورٹ دفتر نے دیگر لوگوں کے علاوہ کم از کم دو صحافیوں اور ایک سیاسی کارکن کو ای میل کرتے مطلع کیا ہے کہ ان کے پاسپورٹ معطل کر دیے گئے ہیں۔پاسپورٹ حکام کویہ اختیار دیاگیا ہے کہ وہ بھارت کی خودمختاری ، علاقائی سالمیت، سلامتی اور دوستانہ تعلقات کے لئے خطرہ کسی بھی بھارتی شہری کا پاسپورٹ معطل ، ضبط یا منسوخ کرسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ای میل وصول کنندگان کو سرینگر کے پاسپورٹ دفتر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ای میل پیغام میں پاسپورٹ ہولڈروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مذکورہ تاریخ تک رابطہ نہ کیاتو کارروائی کی جائے گی۔ سرینگر میں تعینات پاسپورٹ آفیسر دیویندر سنگھ نے کہاکہ کشمیر میں رہنے والے کچھ لوگوں کے پاسپورٹ خفیہ ایجنسیوں کی ہدایات کی وجہ سے روکے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں یہ نہیں بتاسکتا کہ کتنے لوگوں کے پاسپورٹ معطل کیے جارہے ہیں لیکن ہمیں ایسا کرنے کی ہدایات موصول ہوئی ہیں اور ان میں سے کچھ لوگوں کو کارروائی کے حوالے سے مطلع کیا گیا ہے۔