نئی دہلی06اگست(نیوز ڈیسک ) بھارت میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ) کی سینٹرل کمیٹی نے نئی دہلی میں جاری ایک اجلاس کے دوران ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں جموں و کشمیر میں فوری طورپر اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔
پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ پانچ سال کی براہ راست بھارتی حکمرانی کے دوران جموں وکشمیر کی شناخت کو چھیننے کے لئے ڈومیسائل قوانین اور اراضی قوانیں میں بنیادی تبدیلیاں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سوچی سمجھی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام جیسے کالے قوانین کا استعمال کرتے ہوئے سیاسی رہنمائوں اور کارکنوں کو بڑے پیمانے پر گرفتارکیا گیا ہے۔ سیکڑوں سیاسی قیدی اب بھی نظر بند ہیں جن میں سے اکثر جموں و کشمیر سے باہر کی جیلوں میں ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ بلند بانگ دعوئوں کے باوجود بے روزگاری کی وجہ سے معاشی صورتحال ابتر ہو گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیرمیں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں ناکامی کو عوام کو جمہوریت اوربنیادی جمہوری حقوق سے محروم کرنے کے طورپر دیکھا جارہاہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کے حق میں اور وادی کشمیر کے لوگوں کی نمائندگی کو کم کرنے کے لیے حد بندی کے بعد بھی بھارتی حکومت انتخابات نہیں کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی ایم کی سینٹرل کمیٹی جمہوری قوتوں اور اپنے حقوق کی بحالی کی جدوجہد میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔