سرینگر07اگست(نیوز ڈیسک) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔
ضلع کولگام کے علاقے ہالن میں تلاشی اور نگرانی کا سلسلہ آج پانچویں روز بھی جاری رہا۔جنوبی کشمیر کے ایک سینئر پولیس افسر نے آپریشن میں تیزی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے علاقے میں فضائی نگرانی بھی تیز کر دی ہے۔ بھارتی فوج کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ شوپیاں کے علاقے میں بھی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام خارجی اور داخلی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے اورعسکریت پسندوں کو تلاش کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج،پیراملٹری فورسز اور پولیس کے اعلیٰ افسران آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔اس دوران کپواڑہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رہیں۔